بنگلورو،14؍جون(ایس او نیوز) کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے آج کہا ہے کہ ریاست کرناٹک ملک کی سب سے زیادہ رشوت خور ریاست کے طور پر ابھری ہے اور کانگریس حکومت کے 4سالہ دور کا یہی ایک کارنامہ ہے ۔انہو ں نے مختلف محکمہ جات کے لئے بجٹ کی رقومات کے الاٹمنٹ کے مطالبات زر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ہر محکمہ میں زیادہ سے زیادہ سطح تک رشوت خوری میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت اس لعنت کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔غیر قانونی ریت کی کانکنی زیادہ سے زیادہ سطح تک ہوگئی ہے ۔ مختلف کاموں کیلئے رشوت مقرر کی گئی ہے اور رشوت دئے بغیر پی ڈبلیو ڈی اور محکمہ پولیس میں کوئی کام نہیں ہورہا ہے ۔رشوت نہ لینے پر سینئر افسروں کی جانب سے خاتون افسروں کو ہراساں کیاجارہا ہے اور انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔مسٹرشٹر نے کہا کہ شہر میں حالیہ بارش کے دوران ایک بلدی ورکر مین ڈرینیج میں بہہ گیا اور اس کی بیوی نے الزام لگایا کہ معاوضہ کی اجرائی کیلئے افسران نے اس سے رشوت طلب کی ہے ۔یہ ریاست کی خراب صورت حال ہے ۔ کرناٹک میں ایک نجی ادارہ کی جانب سے کئے گئے سروے میں ریاست رشوت خوری میں سرفہرست ریاست کے طور پر ابھری ہے او ریہی سدارامیا حکومت کا ایک کارنامہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سدارامیا کی زیر قیادت کانگریس حکومت نے اپنے 4سالہ دور حکمرانی میں 2,42,420کروڑ روپے کا قرض حاصل کرتے ہوئے کرناٹک کو قرض کے جال میں پھنسادیا ہے ۔جگدیش شٹر نے کہا کہ فی کس قرض کا بوجھ بڑھ کر ریاست کے 6.3کروڑ شہریوں میں سے ہر ایک پر 35ہزار روپے تک ہوگیا ہے ۔بی جے پی لیڈر نے نشاندہی کی کہ جب سدارامیا اپوزیشن لیڈر تھے تو انہو ں نے کھلے بازار سے قرض حاصل کرنے پر بی جے پی پر نکتہ چینی کی تھی اور کہا تھا کہ بازار میں فنڈس کی دستیابی پر حکومت بازار سے قرض حاصل نہ کرے تاہم انہوں نے اپنے الفاظ سے انحراف کیا اور ریاست کی مالی صورتحال ابتر ہوگئی ہے ۔جگدیش شٹر نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایس ایم کرشنا کے دور میں حکومت نے 35,902 کروڑ روپے ' دھرم سنگھ کے دور میں 15,635' ڈایچ ڈی کمارا سوامی کے دو سالہ دور میں 3545' ،یڈ یورپا کے تین سالہ دور میں 25,653' ،سدانندگوڑا کے دور میں 9357اور ان کے خود کے دور میں 13,464کروڑ روپے کا قرض حاصل کیا گیا تھا۔سدارامیا نے اپنے دور کے پہلے سال میں الزام لگایا تھا کہ پیشرو حکومتوں کی جانب سے حاصل کردہ قرضوں کو انہوں نے ادا کیا ہے لیکن وہ اب کیا کررہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ بی جے پی 2018کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کرناٹک کی مالی صورتحال کو درست کرے گی۔